اسلام آباد (کیپٹل اپڈیٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف سائفر سمیت 4 کیسز بغیر سماعت ملتوی کر دیئے گئے، سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت بنا کسی کاروائی کے 23 نومبر تک ملتوی کی گئی.
چیئرمین پی ٹی آئی پر قائم دہشتگردی کے تین مقدمات کی سماعت بھی 23 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے،ان مقدمات میں الزامات ہیں کہ ان کی ایما پر اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔
اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بنا کسی کاروائی کے23 نومبر تک ملتوی کردی۔ قبل ازیں تھانہ بارہ کہو اور تھانہ کھنہ میں دہشتگردی دفعات کے تحت درج تین مقدمات پر بھی سماعت ہوئی۔
پراسیکیوشن کی جانب سے دہشتگردی مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کرنے ان مقدمات کی سماعت بھی 23 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سائفر اور چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشتگردی کے تین مقدمات پر سماعت ہوئی۔
ان مقدمات میں الزامات ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ایما پر اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے جج صاحب سے مخاطب ہوکر خود کہا انکی ضمانتوں پر فیصلہ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ سائفر کیس روز بروز کمزور ہوتا جارہا ہے۔