اسلام آباد :پاکستان بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان کی ترقی، استحکام اور اتحاد کا عزم کا کیا۔
23 مارچ پر یوم پاکستان ڈے وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی خوشحالی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔
اس دن کی اہم خصوصیت اسلام آباد میں عظیم الشان فوجی پریڈ تھی جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ لڑاکا طیاروں نے فضائی مشقیں پیش کیں۔
تقریب میں صدر آصف علی زرداری کے علاوہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس، سفارت کاروں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان السعود فوجی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چین اور آذربائیجان کے دستے بھی پریڈ میں شریک تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک امن پسند اور ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے لیکن وہ اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور نہ ہی دہشت گردوں یا کسی گروپ کی کوششوں کو برداشت کرے گا جس کا مقصد اسے غیر مستحکم کرنا ہے۔پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات چاہتا ہے۔ ۔
دوپہر کو ایوان صدر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز اور میڈلز سے نوازا۔صدر مملکت نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو نشان پاکستان ایوارڈ سے نوازا ۔
تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزرا، عسکری اعلی حکام اور سفارتی کور کے ارکان نے شرکت کی۔یہ ایوارڈ شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی پاکستان اور اس کے عوام کے لیے شاندار خدمات، دفاعی تعاون بڑھانے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن کی کوششوں میں تعاون کے اعتراف میں دیا گیا۔
گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سمیت سندھ کے وزرا بھی موجود تھے۔
قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے 15 افراد کو زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر سول ایوارڈز سے نوازا۔