راولپنڈی (مسعود چوہدری) شمالی وزیرستان میر علی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر 6 خودکش بمبار دہشتگردوں کا بھاری بارودی مواد کیساتھ حملہ کو پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ناکام بنا دیا۔
دہشتگردوں نے پہلے بارودی مواد سے بھری گاڑی دھماکہ سے اڑائ اور اسکے بعد متعدد خودکش بمباروں نے خود کو دھماکوں سے اڑا لیا جبکہ خودکش حملہ آور دہشتگردوں کے ساتھیوں نے نزدیکی عمارتوں پر پناہ لے کر سنائپر کے زریعے حملہ کیا۔ دھماکے اتنے شدید تھے کہ چیک پوسٹ کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے لیفٹننٹ کرنل سید کاشف علی شہید نے بہاری کی داستان رقم کرتے ہوئے نہ صرف فرنٹ لائن پر آ کر دہشتگردوں کا مقابلہ کیا بلکہ وطن کے بہادر سپوت نے اپنی جان کی پروا کیئے بغیر دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے وطن عزیز کو بھاری نقصان سے بچایا بلکہ اپنے جوانوں کی جانوں کی حفاظت کا کلیدی کام بھی بخوبی سرانجام دیا
بہادری اور شجاعت کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے کیپٹن محمد احمد بابر ،حوالدار صابر، نائک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ، سپاہی سجاد نے جام شہادت نوش کر لیا۔
پاک فوج نے نہ صرف علاقہ کا بروقت سینیٹائزیشن آپریشن مکمل کیا بلکہ خودکش بمباروں کے ساتھیوں کو بھی کمال مہارت کے ساتھ ڈھونڈ نکالا اور جہنم واصل کر دیا۔ تمام حملہ آور چھ دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا جن میں میدان چھوڑ کر بھاگتے ہوئے دو دہشتگرد بھی شامل تھے۔
دہشتگردوں کی کمین گاہوں کی تلاش شروع کر دی گئ ہے۔انسانی تاریخ گواہ ہے کہ افواج پاکستان وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمہ کے لیئے ہمیشہ پرعزم رہی ہے اور کبھی وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے جبکہ پاک فوج کے افسران ہمیشہ میدان کارزار میں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر شجاعت کی داستانیں رقم کرتے ہیں۔
افواج پاکستان کے جوانوں کی قربانی افواج کے دہشتگردوں کے خاتمہ کے عزم مصمم کو مزید پختہ کرتی ہے ۔ دہشتگردوں کے وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کے قبیح عزائم کو مٹی کے بیٹے اپنے خون کی سرخی کیساتھ خاکستر کرتے رہیں گے۔