احمد آباد(کیپٹل اپڈیٹ) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کا فائنل آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کرکٹ فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کا بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی جادو نہ چل سکا، آسٹریلیا نے بھارت کا 241 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔
بھارتی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوورز میں ہی شبمن گل کی صورت بڑا جھٹکا برداشت کرنا پڑا، بھارتی اوپنر 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکے اور 4 چوکے جڑے تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک پچ پر کھڑے نہ رہ سکے، بھارتی کپتان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
شریاس ایر کریز پر آئے تو وہ بھی متاثر کن اننگز نہ کھیل سکے اور 3 گیندوں پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ویرات کوہلی بھی 54 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
بھارتی ٹیم کو چھٹا نقصان رویندرا جڈیجا کی صورت برداشت کرنا پڑا جو محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے محتاظ انداز بیٹنگ اپناتے ہوئے مشکل وقت میں ففٹی سکور کی اور 107 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 66 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کے ایل راہول بھارت کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔
آسٹریلیا نے
ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا، کینگروز کے 47 کے مجموعی سکور پر 3 اہم کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
ابتدائی 3 وکٹیں کھونے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لیبوشیانے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے بالکل قریب کر دیا۔
ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی، مارنوس لیبوشیانے ناقابل شکست 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی ٹیم لگاتار 10 میچ جیت کر ناقابل شکست تھی جبکہ آسٹریلوی ٹیم اپنے ابتدائی 2 میچ ہارنے کے بعد اگلے 8 میچز جیتنے میں کامیاب رہی۔
بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 15 بار آمنے سامنے آئیں جن میں سے 9 میں کینگروز نے میدان مارا جبکہ 5 میں جیت بھارت کے حصے میں آئی، ورلڈ کپ 2023ء کے لیگ مرحلے میں بھی بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے 8ویں بار جبکہ بھارت کی ٹیم نے چوتھی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیلا، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 2003ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی آمنے سامنے آئی تھیں جس میں کینگروز نے 125 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم کیلئے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز بطور انعام تقسیم کی گئی