اسلام آباد ( خادم بٹر سٹاف رپورٹر) خواتین ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر اسلامک ریلیف تنظیم کے تعاون سے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں قائم کیا گیا ہے،ڈرائیونگ سکول میں خواتین کو ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی ڈرائیونگ کی خصوصی تربیت دی جائے گی ،ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے والی خواتین کو عالمی معیار کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے اسلامک ریلیف تنظیم کے تعاون سے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں قائم پاکستان کے پہلے خواتین ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، اس سلسلے میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبرناصرخاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر اسلامک ریلیف تنظیم کے کنڑی ڈائریکٹر سمیت سی پی او سیف سٹی / ٹریفک ،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد ،سکول میں زیرتربیت خواتین اور بڑی تعداد میںپولیس ملازمین موجود تھے،
اس موقع پر آئی سی سی پی او نے کہاکہ خواتین کا مثبت کردار معاشرے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خواتین کسی بھی معاشرہ کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں ،اس سلسلے میں انکو مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کیلئے متعدد اقدامات کی ضرورت ہے جس میں سے ایک اس خواتین ڈرائیونگ سکول کا قیام بھی ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آبا د کیپیٹل پولیس مستقبل میں خواتین کی استعدادکار کیلئے مزید اقدامات کرے گی، جبکہ انہوں نے افسران کو ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر پر خواتین کو ہر ممکن سہولیا ت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ہدایت بھی کی ،
انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ سکول میں خواتین کو ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی ڈرائیونگ کی خصوصی تربیت دی جارہی ہے،اس ڈرائیونگ ٹیسٹ سنٹرمیں خواتین کا عالمی معیار کے مطابق ڈرائیونگ کا امتحان لیا جائے گا اور کامیاب امیدواروںکو ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جا ئیں گے۔